ماتلی: تین روز قبل لاپتا ہونے والا 3 سالہ بچہ بحفاظت بازیاب، والدین کے حوالے

ماتلی (رپورٹ: ایم آر گدی\جانوڈاٹ پی کے) تھانہ راجو خانانی پولیس نے تین روز قبل مبینہ طور پر لاپتا ہونے والے تین سالہ بچے مصطفیٰ ولد اعجاز احمد خاصخیلی کو کارروائی کے دوران بحفاظت بازیاب کرا کے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد والدین کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق 30 جون کو گاؤں الہڈنو سہتو میں گھر کے باہر کھیلتے ہوئے بچہ لاپتا ہو گیا تھا، جس پر اہل خانہ کی اطلاع کے بعد مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ راجو خانانی انسپکٹر عاشق علی لنڈ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور خفیہ اطلاعات سمیت دیگر تفتیشی ذرائع کی مدد سے کارروائیاں جاری رکھیں، جن کے نتیجے میں بچے کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق بچے کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
بچے کے والدین نے بچے کی بحفاظت بازیابی پر بدین پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے ایس ایس پی بدین، ایس ایچ او اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔



