شکارپور ٹرپل قتل کیس کا فیصلہ؛ 4 ملزمان کو تین، تین بار سزائے موت، 2 ملزمان بری

شکارپور(جانوڈاٹ پی کے) تین افراد کے قتل کے مقدمے کا اہم فیصلہ سناتے ہوئے تھرڈ ایڈیشنل سیشن جج سمیع اللہ قریشی کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر چار ملزمان کو تین، تین بار سزائے موت اور 15، 15 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ ناکافی شواہد کی بنیاد پر دو ملزمان کو بری کر دیا گیا۔
عدالت نے عبدالحفیظ عرف حفیظ بھیو، ایاز عرف ملنگ بھیو، امجد بھیو اور منیر خان عرف منو کلہوڑو کو تین افراد کے قتل کے جرم میں سزا سنائی۔
استغاثہ کے مطابق 3 فروری 2020 کو کرن تھانے کی حدود میں مبینہ طور پر کاروکاری تنازع پر ایک اوطاق پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں عمران بھیو، کامران بھیو اور لال بخش بھیو جاں بحق جبکہ پرویز بھیو زخمی ہو گئے تھے۔
واقعے کا مقدمہ نواب خان بھیو کی مدعیت میں سات ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ دورانِ سماعت ایک ملزم کے انتقال کے باعث اس کے خلاف کارروائی ختم کر دی گئی۔
عدالت نے فیصلے میں زخمی پرویز بھیو کو 50 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا، جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں رقم ملزمان کی جائیداد سے وصول کی جا سکے گی۔
اسی مقدمے میں عدالت نے عمران بھیو اور امتیاز بھیو کو شواہد ناکافی ہونے کی بنیاد پر بری کر دیا۔
واضح رہے کہ یہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ ہے اور سزا پانے والے ملزمان کو قانون کے مطابق اعلیٰ عدالت میں اپیل کا حق حاصل ہے۔



