بلاول بھٹو کی ہدایات پر گھوٹکی کی تمام یونین کونسلوں میں ترقیاتی منصوبے جاری

ڈہرکی (رپورٹ: وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی ضلع گھوٹکی کے صدر اور ضلع کونسل گھوٹکی کے وائس چیئرمین میر بابر خان لنڈ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر ضلع گھوٹکی کی تمام 66 یونین کونسلوں میں مرحلہ وار ترقیاتی اسکیمیں جاری کی گئی ہیں، جن سے عوام براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے یہ بات ڈہرکی تعلقہ کے مختلف دیہات میں مختلف برادریوں سے تعزیت اور پاکستان پیپلز پارٹی تعلقہ ڈہرکی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد شریف چنا کے بھائی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
میر بابر خان لنڈ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ پہلی مرتبہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو کروڑوں روپے کی ترقیاتی اسکیمیں دی گئی ہیں، جو ضلع کی ہر یونین کونسل میں تیزی سے مکمل کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں کیے گئے تاریخی ترقیاتی منصوبوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر حکومت کی کارکردگی کو سراہنے کے بجائے بے بنیاد تنقید کر رہی ہے، جو اس کی پرانی سیاسی روش ہے۔
پانی کی قلت کے حوالے سے میر بابر خان لنڈ نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی کمی کے باعث گھوٹکی فیڈر میں بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، جبکہ فیڈر کے ابتدائی حصے میں پنجاب کی جانب سے سندھ کے حصے کا پانی لیا جا رہا ہے۔ اس مسئلے سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور امید ہے کہ جلد پانی کی کمی کا مسئلہ حل کر لیا جائے گا۔اس موقع پر میاں عبدالرشید قادری، عمر خان راہڑ، ندیم دایو، مطلوب ملک اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔



