عوام اور متعلقہ محکموں کو بہترین مالیاتی خدمات کی فراہمی یقینی بنایا جائے، یاسر علی چنہ

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\ویب ڈیسک) ضلع ٹھٹھہ میں نئے تعینات ہونے والے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر یاسر علی چنہ نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کا باقاعدہ چارج سنبھال کر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کر دیں۔
چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے دفتر کے افسران اور ملازمین کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد کیا، جس میں باہمی تعارف کے علاوہ دفتر کے انتظامی، مالیاتی اور دفتری امور پر تفصیلی بریفنگ بھی لی۔
اس موقع پر یاسر علی چنہ نے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ سرکاری امور کو مکمل شفافیت، دیانتداری، مؤثر منصوبہ بندی اور بروقت انداز میں انجام دیا جائے تاکہ عوام اور متعلقہ سرکاری محکموں کو بہترین مالیاتی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک، نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور احساسِ ذمہ داری ہی ایک فعال اور عوام دوست ادارے کی بنیاد ہیں، لہٰذا تمام افسران اور ملازمین اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور ایمانداری سے انجام دیں۔
اجلاس کے دوران دفتر کے افسران اور عملے نے نئے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت اور ادارے کی بہتری کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔



