اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف کی سربراہی میں مختلف گیس دکانوں پراچانک چھاپے

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی)اسسٹنٹ کمشنر مٹھی، عمیر اشرف کی سربراہی میں مٹھی شہر کی مختلف گیس دکانوں پر اچانک چھاپے مارے گئے، جہاں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔کارروائی کے دوران پرانے ناکہ کے علاقے میں ایک گیس دکان کو سرکاری مقررہ قیمت 280 روپے فی کلو کے بجائے زائد نرخ وصول کرنے پر موقع پر سیل کر دیا گیا، جبکہ دکاندار پر 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر عمیر اشرف نے کہا کہ عوام کا معاشی استحصال کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی ڈیلر سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زائد قیمت وصول کرے گا، اس کے خلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔



