اسلام کوٹ میں عوامی تحریک کا احتجاج،سندھ کے پانی،پلیجو کے مزاراوربینرز کی مبینہ بے حرمتی کیخلاف ریلی اوردھرنا

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کے پانی پر مبینہ ڈاکوں، خواتین کے قتل، غیر مقامی آبادکاری، ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم اور رسول بخش پلیجو کے مزار پر نصب تصاویر والے بینرز کی مبینہ بے حرمتی کے خلاف عوامی تحریک ضلع تھرپارکر کی جانب سے اسلام کوٹ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مین نگرپارکر-مٹھی روڈ پر دھرنا دیا گیا۔

ریلی کی قیادت عوامی تحریک ضلع تھرپارکر کے صدر ایڈووکیٹ دیال صحرائی، اوبھایو جونیجو، دولت رائے، رحمان ہنگورجو، نارائن سندھی، رسول بخش جونیجو، خوشحال بھیل، دلیپ بھیل، کیول رام، حسین جونیجو، لکھمی چند بھیل، ونود کمار اور دیگر رہنماؤں نے کی۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی نے رسول بخش پلیجو کے مزار پر نصب پینا فلیکس بینرز کو ہٹوانے، مزار کے پلاٹ پر مبینہ قبضہ کرانے اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کرانے جیسے اقدامات کیے ہیں، جن کی وہ سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ کو پانی کی قلت، منشیات، مہنگائی، کرپشن، خواتین کے قتل اور ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے، جن کے خلاف عوامی تحریک پورے سندھ میں احتجاجی مہم چلا رہی ہے۔

پریس بیان کے مطابق احتجاج میں شریک رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کی جدوجہد جاری رہے گی اور عوامی مسائل پر بھرپور آواز بلند کی جاتی رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button