پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نوجوانوں کا بڑھتا اعتماد، ایک سال میں 1.80 لاکھ نئے سرمایہ کار شامل

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان میں معاشی استحکام اور سٹاک مارکیٹ کی بہتر کارکردگی کے باعث نوجوان سرمایہ کاروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال اگست سے مئی تک 1 لاکھ 80 ہزار 148 نئے ریٹیل سرمایہ کار پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹر ہوئے۔ ان میں 18 سے 30 سال عمر کے نوجوانوں کا حصہ 41 فیصد رہا، جبکہ اس عمر کے 74 ہزار 629 نئے سرمایہ کاروں نے مارکیٹ میں رجسٹریشن کرائی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہر ماہ اوسطاً 15 ہزار نئے اکاؤنٹس کھل رہے ہیں، جن میں تقریباً 40 فیصد نوجوان سرمایہ کار شامل ہوتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ نے ڈالر کی بنیاد پر 66 فیصد سالانہ منافع فراہم کیا، جو خطے میں سب سے زیادہ قرار دیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی معاشی اصلاحات، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام اور میکرو اکنامک استحکام نے سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ، نوجوانوں کی بڑھتی دلچسپی اور بہتر معاشی اشاریے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتے ہیں۔



