بدین پولیس کی بڑی کارروائی، جعلی سرکاری اہلکاروں کا گروہ گرفتار، اسلحہ، جعلی کارڈز اور مہریں برآمد

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)کھورواہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خود کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے اہلکار ظاہر کرکے شہریوں کو یرغمال بنانے والے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک ہندو تاجر کو اغوا ہونے سے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
ایس ایچ او تھانہ کھورواہ انسپکٹر لیاقت علی پنھور کے مطابق خفیہ اطلاع پر پولیس نے بٹھورو روڈ پر کارو گونگڑو پل کے قریب ایک مشتبہ کرولا کار کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران کھورواہ کے ہندو تاجر دلیپ کمار کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔
پولیس نے موقع پر ہی اغوا میں ملوث چار ملزمان، اختر حسین زرداری، امام علی کولاچی، شاہ زمان بروہی اور غلام نبی بروہی (تمام رہائشی ضلع ٹھٹہ) کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، محکمہ پولیس اور محکمہ تعلیم کے جعلی سروس کارڈز، سرکاری مہریں، پولیس کیپ اور واردات میں استعمال ہونے والی کرولا کار بھی برآمد کر لی گئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان خود کو اینٹی کرپشن کے اہلکار ظاہر کرکے ہندو تاجر دلیپ کمار پر سرکاری باردانے کی رقم کی عدم ادائیگی کا جھوٹا الزام لگا کر زبردستی اپنے ساتھ لے جا رہے تھے، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی نے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مغوی دلیپ کمار کی مدعیت اور سرکاری مدعیت میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں اور مزید وارداتوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔



