وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں سے ہلاکتیں 1900 سے تجاوز کرگئیں، 10 ہزار سے زائد زخمی

وینزویلا(جانوڈاٹ پی کے)وینزویلا میں گزشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1943 ہوگئی ہے۔
وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر خورخے روڈریگیز کے مطابق زخمیوں کی تعداد بھی بڑھ کر 10 ہزار 571 ہو چکی ہے جبکہ ملک بھر میں ہزاروں افراد کو فوری طور پر خوراک اور رہائش کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے پناہ گزین ادارے یو این ایچ سی آر کے مطابق شہر لا گوائرا جو دارالحکومت کاراکاس کے شمال میں واقع ہے اور سب سے زیادہ متاثر ہوا وہاں خوراک کی شدید قلت ہے، بنیادی سہولیات تباہ ہو چکی ہیں اور مواصلاتی نظام تقریباً منقطع ہو گیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہاں امدادی سامان تو دیا جاتا ہے لیکن کبھی کبھی لوگ کھانے کے لیے ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق آئندہ 6 ماہ کے دوران 30 ہزار افراد کے لیے امداد اور عارضی رہائش کے انتظامات بڑھانے کے لیے تقریباً 14.85 ملین ڈالر درکار ہیں۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کی سیٹلائٹ ڈیٹا پر مبنی ابتدائی رپورٹ کے مطابق زلزلوں سے 58 ہزار 870 عمارتیں تباہ یا شدید متاثر ہوئی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد وینزویلا کا نظام صحت شدید دباؤ کا شکار ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ویکسین کی کم شرح کے باعث خسرہ اور خناق جیسی بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جبکہ زرد بخار، ملیریا، ڈینگی، چکن گونیا اور زیکا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات بھی موجود ہیں۔



