ایران نے اپنا مؤقف اور مطالبات واضح طور پر امریکا تک پہنچا دیے ہیں، اسماعیل بقائی

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ نیو یارک میں امریکی فریق سے رابطہ قطری ثالث کے ذریعے ہوا، جس میں ایران نے اپنا مؤقف اور مطالبات واضح طور پر امریکا تک پہنچا دیے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایران کی شرائط میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ اور امریکی کارروائیوں کا فوری رکنا شامل ہے۔ ان کے مطابق تہران نے بحری ناکہ بندی اور معاشی جنگ ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ایرانی اثاثوں کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر کے دوران ایرانی وفد نے اقوام متحدہ کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیو یارک میں متعدد ممالک کے نمائندوں سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔
اسماعیل بقائی کے مطابق امریکا سے ایرانی وفد کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔
اس سے قبل ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیو یارک میں امریکی صدر کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کی، جبکہ ایک امریکی اہلکار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ عباس عراقچی کی جیرڈ کُشنر سے ملاقات ہوئی تھی۔



