ایرانی سفیر کی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات، پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ایرانی سفیر وفد کے ہمراہ جماعت اسلامی کے دفتر پہنچے اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں خطے کی صورتحال، پاک ایران تعلقات اور عالم اسلام کے چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے امریکا کے مقابلے میں کامیابی پر ایرانی عوام اور قیادت کو مبارکباد پیش کی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایران کی استقامت اور کامیابی پوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ حوصلہ ہے، ایران کے مضبوط کردار کے نتیجے میں امریکا معاہدے پر مجبور ہوا، غزہ اور لبنان میں فوری اور مکمل جنگ بندی ناگزیر ہو چکی ہے، فلسطینیوں کو ان کی آزاد ریاست قائم کرنے کا پورا حق دیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل کی غاصب ریاست امت مسلمہ کے لیے ایک مستقل ناسور کی حیثیت رکھتی ہے، جب تک اسرائیلی جارحیت جاری رہے گی، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
ایرانی سفیر نے مشکل دور میں ساتھ دینے پر پاکستانی حکومت، قوم اور جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، یکجہتی اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ایرانی سفیر کی خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔



