اوکاڑہ میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز، گول چوک اور 7 نمبر چونگی پر وارننگ

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے) شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر محمد بن علی نے انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ گول چوک اور 7 نمبر چونگی کا دورہ کرتے ہوئے انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت سخت چیکنگ کی۔

دورے کے دوران دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی کاروباری سرگرمیاں صرف مقررہ حدود کے اندر رکھیں اور سڑکوں، فٹ پاتھوں یا عوامی راستوں پر سامان نہ سجائیں۔ انفورسمنٹ ٹیم نے موقع پر متعدد افراد کو وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ تجاوزات شہریوں اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بن رہی ہیں۔

سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر محمد بن علی نے کہا کہ گول چوک اور 7 نمبر چونگی شہر کے اہم تجارتی مراکز ہیں جہاں تجاوزات کے باعث شہریوں کو روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کاروباری طبقے کے روزگار کا احترام کرتی ہے، تاہم عوامی راستوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر مقررہ حدود سے باہر رکھا گیا سامان فوری ہٹا لیں، بصورت دیگر سامان بحقِ سرکار ضبط کرنے، بھاری جرمانے عائد کرنے اور دکانیں سیل کرنے سمیت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محمد بن علی نے انفورسمنٹ عملے کو ان علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولت کو برقرار رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button