واقعۂ کربلا پوری امتِ مسلمہ کے لیے رہنمائی کا دائمی سرچشمہ ہے،سنی رابطہ کونسل

ماتلی(رپورٹ۔ایم۔آر۔گدی/جانو ڈاٹ پی کے )حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو حق، صداقت، صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی لازوال علامت قرار دیتے ہوئے سنی رابطہ کونسل ماتلی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ واقعۂ کربلا پوری امتِ مسلمہ کے لیے رہنمائی کا دائمی سرچشمہ ہے اور حضرت امام حسینؓ نے دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنی اور اپنے اہلِ بیت کی بے مثال قربانیاں پیش کرکے رہتی دنیا تک حق پر ثابت قدم رہنے کا پیغام دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی رابطہ کونسل ماتلی کے زیرِ اہتمام حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے "واہ حسین واہ” کے عنوان سے نکالی گئی عظیم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں علماء کرام، مذہبی و سماجی شخصیات، تاجر برادری، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور یہ شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ماتلی پریس کلب چوک پہنچی، جہاں شرکاء نے حضرت امام حسینؓ اور اہلِ بیتِ اطہارؓ سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بلند کیے۔ اس موقع پر سنی رابطہ کونسل کے رہنماؤں مولانا عبداللہ سندھی، قاری عارف معاویہ، قاری عمر فاروق معاویہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ ریلی کا مقصد نئی نسل کو پیغامِ کربلا، حضرت امام حسینؓ کی سیرتِ طیبہ، کردارِ عالی اور عظیم قربانیوں سے روشناس کرانا، امتِ مسلمہ میں اتحاد، اتفاق اور اخوت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کسی ایک مکتبۂ فکر نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے مشترکہ سرمایہ ہیں اور ان کی عظیم قربانی حق، عدل، انصاف، آزادی اور انسانیت کی سربلندی کی ہمیشہ زندہ رہنے والی علامت ہے۔ ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی و استحکام، امتِ مسلمہ کے اتحاد، مقبوضہ فلسطین، کشمیر اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی نصرت و کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button