پاکستان اور اٹلی کے درمیان6.3ارب روپے کے رعایتی قرض کا معاہدہ طے پا گیا

 

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اور اٹلی کے درمیان6.3ارب روپے کے رعایتی قرض کا معاہدہ طے پا گیا،وزارت اقتصادی امورکےسیکرٹری محمد حمیر کریم اور اطالوی سفیر ماریلینا آرمیلین نے 2 کروڑیورو کے مساوی معاہدے پر دستخط کیے۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے نظام کو زرعی شعبے میں مضبوط بنایا جائے گا،جدید اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگرام شروع ہوں گے،اس سے کسانوں اور توسیعی عملے کی استعداد کار بڑھائی جائے گی، پروگرام کا مقصد زرعی پیداوارمیں اضافہ، پائیدارزرعی طریقے،دیہی عوام کے معاشی حالات کو بہتر بنانا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ اعلیٰ قدر کی حامل زرعی فصلوں کی ترقی اور زرعی و غذائی ویلیو چینز کو مضبوط بنایا جائےگا،باغبانی کی پیداوار، پراسیسنگ،مارکیٹنگ سے وابستہ افراد کیلئے خصوصی تربیتی مراکز قائم ہوں گے،منصوبے کے تحت زیتون، پستہ، کھجور،مشروم، چیری، انگور، آڑو،بادام جیسی فصلوں پر خصوصی توجہ دی جائےگی۔جدید اطالوی زرعی مہارت اور پاکستان کی وسیع زرعی استعداد سے فائدہ اٹھایا جائے گا، 42ماہ پرمشتمل اس پروگرام کےدوران مجموعی طور پر720تربیتی کورسز منعقد کیے جائیں گے،ان تربیتی کورسز سے18،398افراد مستفید ہوں گے، منصوبے کے تحت زراعت کے شعبے کیلئے11معیاری تربیتی نصاب بھی تیار کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button