امریکااورایران کشیدگی کم کرنے پرمتفق،کل تکنیکی مذاکرات قطر میں ہوں گے،اعلیٰ امریکی حکام دوحہ روانہ،تہران تصدیق سے انکاری

دوحہ(جانوڈاٹ پی کے)امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی عمل کے سلسلے میں آئندہ چند روز کے دوران قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک نئے دورکے تکنیکی مذاکرات متوقع ہیں،جہاں دونوں ممالک کی ٹیمیں مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرینگی۔مذاکرات کامقصد دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر پیشرفت کا جائزہ لینا اور اس پر عملدرآمد کے مختلف پہلوؤں کو آگے بڑھانا ہے۔ذرائع کے مطابق خطے میں کسی بھی ممکنہ کشیدگی یا ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست رابطے کے خصوصی ذرائع پہلے ہی قائم کیے جا چکے ہیں۔تکنیکی مذاکرات میں مفاہمتی یادداشت کے عملی نکات، اعتماد سازی کے اقدامات اور خطے میں استحکام سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی کہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف اور مشیر جیرڈ کشنر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایرانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ امریکی وفد دوحا روانہ ہو گا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ مفاہمتی یادداشت پر جاری بات چیت کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ ان اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے ساتھ ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی ہوں گے جن میں مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی سوشل میڈیا پر اعلان کرچکے ہیں کہ ایران نے ملاقات کی درخواست کی اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات منگل کو دوحا میں ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button