ایران، امریکہ نے ایک دوسرے پر حملے روکنے ، قطر میں مذاکرات پر اتفاق کر لیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)ایک امریکی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے اس ہفتے قطر میں اہم مذاکرات کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ میں ایک سینئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ واشنگٹن اور تہران نے باہمی حملے روکنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور منگل کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات پر بھی اتفاق کیا ہے۔

امریکی عہدیدار کے مطابق دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع سمیت دیگر اہم علاقائی اور سکیورٹی امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

اس سے قبل ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے کہا تھا کہ حالیہ امریکی حملوں اور مفاہمتی یادداشت کی شرائط پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث ایران نے اتوار کو ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں شرکت نہیں کی تھی۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کو 11 روز گزر چکے ہیں، تاہم دونوں جانب سے دوبارہ حملوں کے واقعات کے بعد جنگ بندی کی صورتحال غیر یقینی دکھائی دے رہی تھی۔ اب ممکنہ مذاکرات کو کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button