دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابی، بلاول بھٹو کا سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین


کراچی (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان۔افغانستان سرحد کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے 29 دہشت گردوں کی ہلاکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کاری ضرب لگائی ہے، جبکہ دہشت گرد اور ان کے سرپرست پاکستان کے عزم، امن اور استحکام کو کبھی کمزور نہیں کر سکتے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ ثابت قدم رہی ہے اور ملک کی خودمختاری، جمہوری اقدار اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔