کراچی کیلئے 100 ارب روپے سے زائد مختص، 500 جدید الیکٹرک اور ڈبل ڈیکر بسیں جلد چلیں گی، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی، خوشحالی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں شہر کے لیے 100 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔

اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ فنڈز پانی کی فراہمی، نکاسیٔ آب، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری پر خرچ کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نعروں کے بجائے عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور کراچی کے عوام کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور باوقار سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت تاریخی اقدامات کر رہی ہے، جس کے تحت جلد ہی 500 جدید الیکٹرک اور ڈبل ڈیکر بسیں کراچی کی سڑکوں پر چلتی نظر آئیں گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت کی معاشی حکمت عملی میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اہم ترجیح ہے، جبکہ صنعتی زونز، ترقیاتی منصوبوں، ٹرانسپورٹ اسکیموں اور بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ صرف اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک خوشحال سندھ، بہتر روزگار اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کی جانب عملی پیش رفت کا عکاس ہے۔

مزید خبریں

Back to top button