اوکاڑہ: 3 سالہ بچہ نہر میں ڈوبنے کا خدشہ، ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن جاری

اوکاڑہ(وحیدآرائیں\جانوڈاٹ پی کے) نواحی علاقے 41 جی ڈی کورٹ کے قریب سے گزرنے والی گوگیرہ برانچ نہر میں 3 سالہ بچے کے ڈوبنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لاپتہ بچے کی شناخت محمد عدیل ولد محمد اظہر کے نام سے ہوئی ہے، جو گزشتہ روز سے لاپتہ تھا۔ اہلِ خانہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بچہ نہر میں گر کر ڈوب گیا ہو سکتا ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جہاں انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم کرکے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق بچے کی تلاش کے لیے 3 غوطہ خوروں سمیت 12 ریسکیورز حصہ لے رہے ہیں۔ ٹیمیں سکوبا ڈائیونگ، لائن سرچنگ، پلنجر سرچنگ اور کشتی کی مدد سے نہر میں مسلسل تلاش کر رہی ہیں۔
ریسکیو کے مطابق گوگیرہ برانچ نہر کی چوڑائی تقریباً 30 فٹ جبکہ گہرائی 5 سے 7 فٹ ہے۔ بچے کی تلاش کے لیے آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔



