اسلام آباد میں پاکستان کا پہلا ورلڈ کلاس وائلڈ لائف سفاری پارک بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان کا پہلا عالمی معیار کا وائلڈ لائف سفاری پارک قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جسے ماحول دوست سیاحت، جنگلی حیات کے تحفظ اور خاندانی تفریح کا منفرد مرکز بنایا جائے گا۔
ترجمان سی ڈی اے کے مطابق سفاری پارک بارہ کہو میں 350 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ میگا پراجیکٹ پاکستان میں دنیا کے منفرد جنگلی حیات کے تجربات متعارف کرانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں شہریوں اور سیاحوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
سی ڈی اے کے مطابق منصوبے کا مقصد ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینا، جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانا اور خاندانوں کے لیے جدید تفریحی سہولیات مہیا کرنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سفاری پارک کی تکمیل سے نہ صرف اسلام آباد کی سیاحتی اہمیت میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک میں قدرتی ماحول اور وائلڈ لائف کے تحفظ کے حوالے سے بھی ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔



