ملک کے خلاف سازشیں کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں، قومی اتحاد وقت کی ضرورت ہے، گورنر پنجاب

میانوالی(جانوڈاٹ پی کے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک کو نقصان پہنچانے والے اور سازشیں کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں، جبکہ قومی مفاد کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اختلافات بھلا کر ایک پیج پر آنا ہوگا۔
میانوالی میں خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے جمہوری راستہ اختیار کیا ہے اور آئندہ بھی ملکی مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد ناگزیر ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میانوالی کے عوام سے محبت کرتی ہے اور اقتدار میں آ کر ضلع کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میانوالی میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔



