سندھ اسمبلی میں عالمی اعزاز یافتہ طالبات کا شاندار استقبال، پورا ایوان ڈیسک تھمپنگ سے گونج اٹھا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ورلڈز بیسٹ اسکول پرائز 2026 کے عالمی ٹاپ 10 فائنلسٹس میں شامل گورنمنٹ گرلز لوئر سیکنڈری اسکول ٹنڈو میر غلام حسین، حیدرآباد کی طالبات اور اساتذہ نے سندھ اسمبلی کی کارروائی دیکھی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے عالمی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سندھ اسمبلی کے ارکان نے ڈیسک تھمپنگ کر کے طالبات، اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کی کامیابی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ ایوان کا ماحول جشن کی کیفیت اختیار کر گیا۔
وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے وزیر آبپاشی جام خان شورو اور دیگر ارکانِ اسمبلی کے ہمراہ مہمان گیلری میں موجود طالبات اور اساتذہ کا خیرمقدم کیا اور ان کی عالمی کامیابی کو خوشی کے ساتھ سلیبریٹ کیا۔
عالمی اعزاز حاصل کرنے والی طالبات اور اساتذہ نے سندھ اسمبلی میں ملنے والی عزت افزائی اور پذیرائی پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔
اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی سمیت حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے اس کامیابی کو سندھ اور پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے طالبات، اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔



