کراچی کی ترقی پر فوکس، سڑکوں، فلائی اوورز اور سیوریج منصوبوں کو بجٹ میں اولین ترجیح دی، مرتضیٰ وہاب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نئے بجٹ میں شہری مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی گئی ہے، جبکہ شہر میں انفراسٹرکچر، سڑکوں، پلوں اور فلائی اوورز کی تعمیر و بحالی کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

کونسل ہال میں خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ہمیشہ کراچی کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے بارے میں یہ تاثر درست نہیں کہ یہاں ترقیاتی کام نہیں ہوتے، کیونکہ کراچی بھر میں 31 لاکھ سے زائد اسکوائر فٹ پیچ ورک مکمل کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں ایک کروڑ 23 لاکھ سے زائد اسکوائر فٹ پیور بلاکس بچھائے گئے، جبکہ چار لاکھ سے زائد رننگ فٹ سیوریج لائنوں کی تعمیر اور بحالی کا کام بھی مکمل کیا گیا۔

میئر کراچی کے مطابق نرسری فلائی اوور، جناح برج اور شہید ملت روڈ کی تعمیر و بحالی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ عظیم پورہ فلائی اوور صرف 93 روز میں مکمل کرکے عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی کراچی کی ترقی، شہری سہولیات میں بہتری اور بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button