شدید بیماری کے باوجود ہمت نہیں ہاری، مامیا شاہ جعفر کے انکشاف پر مداح دعاگو

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)شوبز انڈسٹری کی اداکارہ و ماڈل مامیا شاہ جعفر نے سنگین بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
’لو دی سوں‘ میں مامیا شاہ جعفر نے فرحان سعید کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا جبکہ فلم عید الاضحیٰ پر سنیما گھروں کی زینت بنی۔
فلم میں مامیا کے کردار کو بھرپور پذیرائی ملی اور لوگوں نے فلم کی کہانی کو بھی پسند کیا۔
تاہم اب حال ہی میں انہوں نے اپنی بیماری سے متعلق انکشاف کیا کہ وہ کس طرح ایک خود کار مدافعت کی بیماری کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں جو انتہائی تکلیف دہ ہے اور اس کا مقابلہ کرنا بھی آسان نہیں ہے۔
مامیا نے بتایا کہ وہ ’لوپس‘ نامی بیماری میں مبتلا ہیں، گزشتہ سال جب وہ تکلیف دہ عراج کے مراحل سے گزر رہی تھیں تو شوہر مستقل سہارا بنے رہے اور اب وہ واپس آچکی ہیں اور باقاعدگی سے کام کررہی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے خود کو مضبوط دکھانا پڑتا ہے کیونکہ لوگ خاموشی سے تکلیف سہتے ہوئے دیکھنا پسند کرتے ہیں، اور وہ درد سے گزرنے کے باوجود ہر روز مقابلہ کرتی ہیں، زندگی کو بھرپور طریقے سے جیتی ہیں۔
انٹرنیٹ صارفین مامیا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا، "اللہ آپ کو صحت مند زندگی سے نوازے۔” ایک اور نے کہا کہ "میں اس تکلیف کو سمجھ سکتی ہوں کیونکہ میں خود بھی اسی دور سے گزر رہی ہوں۔”



