برطانیہ کا بڑا توانائی منصوبہ، 16 نئے انرجی اسٹوریج منصوبوں کی منظوری

لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ کے توانائی کے نگران ادارے آف جیم (Ofgem) نے ملک میں بجلی کی فراہمی کو مزید مستحکم، مؤثر اور کم لاگت بنانے کے لیے 16 طویل دورانیے کے توانائی ذخیرہ (لانگ ڈوریشن انرجی اسٹوریج) منصوبوں کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کر لیا ہے۔

آف جیم کے مطابق یہ منصوبے "کیپ اینڈ فلور” سپورٹ اسکیم کے تحت چلائے جائیں گے، جس کے ذریعے منصوبہ ساز کمپنیوں کو کم از کم آمدنی کی ضمانت دی جائے گی، جبکہ منافع کی ایک حد بھی مقرر ہوگی تاکہ صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

منصوبوں میں ایسے جدید توانائی ذخیرہ کرنے والے نظام استعمال کیے جائیں گے جو آٹھ گھنٹے یا اس سے زیادہ مدت تک بجلی محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس سے ہوا اور شمسی توانائی جیسے قابلِ تجدید ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی کو ذخیرہ کر کے ضرورت کے وقت مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔

برطانوی ریگولیٹر کے مطابق ان منصوبوں سے قومی بجلی کے ترسیلی نظام پر دباؤ کم ہوگا، مہنگے انفراسٹرکچر کی ضرورت میں کمی آئے گی اور بجلی کی فراہمی زیادہ مستحکم ہونے کے ساتھ صارفین کو نسبتاً کم نرخوں پر بجلی فراہم کی جا سکے گی۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ صاف توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری سے ملک کو عالمی تیل و گیس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے ممکنہ اثرات سے بہتر انداز میں محفوظ رکھا جا سکے گا۔

مزید خبریں

Back to top button