وینزویلا میں تباہ کن زلزلہ، ہلاکتیں 235 ہوگئیں، ہزاروں زخمی، عالمی برادری امداد کے لیے متحرک

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 235 ہوگئی ہے جبکہ 4 ہزار 300 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مسلسل ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

گزشتہ روز وینزویلا میں 7.1 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے باعث 22 منزلہ عمارت سمیت متعدد رہائشی اور کمرشل عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر حکومت نے ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی۔

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 235 افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

زلزلے کے باعث تعلیمی ادارے، ٹرین سروس اور دیگر عوامی سہولیات معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ وینزویلا کا مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈہ شدید نقصان کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات کا جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب عالمی برادری نے وینزویلا سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے امداد کی پیشکش کی ہے۔ امریکا نے متاثرین کے لیے 150 ملین ڈالر امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ امریکی حکام کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کارروائیوں اور متاثرین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان رابطے جاری ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی وینزویلا میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور عوام سے تعزیت اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button