اوکاڑہ میں یومِ عاشورہ کے پرامن انعقاد کیلئے انتظامیہ متحرک

اوکاڑہ(رپورٹ:وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت مرکزی کنٹرول روم میں یومِ عاشورہ کے پر امن اور منظم انعقاد کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس، اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے تمام یوم عاشورہ پر محکموں کو باہمی ربط و رابطہ کو فروغ دیتے ہوئے الرٹ رہنے اور تفویض کی گئی ذمہ داریوں سر انجام دینے پر زور دیا۔ انہوں نے مجالس اور جلوسوں کے تمام روٹس کی فوری صفائی، ویسٹ مینجمنٹ اور پانی کے چھڑکاؤ کی نگرانی کے احکامات دیے اور جلوس کے راستوں پر عزاداروں کے لیے فرسٹ ایڈ کیمپس میں تمام تر طبی سہولیات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے میڈیکل سروسز اور ایمبولینسز کی دستیابی کے ساتھ ساتھ گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے جلوس کے راستوں اور مجالس کے مقامات پر مسٹ فینز اور ٹھنڈے پانی کی سبیلوں کی بھی نگرانی کی ہدایات دیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے مرکزی کنٹرول روم سے تمام جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور سیکورٹی امور کی تواتر سے نگرانی کے بھی احکامات دیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انتظامات میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے فیلڈ میں متحرک رہ کر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ یومِ عاشورہ کے تقدس اور اہمیت کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اوکاڑہ پوری طرح متحرک ہے۔ ہمارا مقصد عزاداروں کو فول پروف سیکورٹی اور بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلوسوں کے راستوں کی صفائی ستھرائی، مسٹ فینز کی تنصیب، اور فرسٹ ایڈ کی سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ مرکزی کنٹرول روم سے لمحہ بہ لمحہ کی صورتحال پر نظر رکھی جائے تاکہ ماتمی جلوس اور مجالس پرامن اور روایتی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں

مزید خبریں

Back to top button