مالہنور وینہ میں سولر پلانٹ کا بجٹ ہڑپ کرنے کا الزام، متاثرہ خاندان کا محتسبِ اعلیٰ سندھ سے انصاف کا مطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) یونین کونسل مالہنور وینہ کے رہائشی ٹیکم ولد سونجی کولہی نے صوبائی محتسبِ اعلیٰ سندھ کو درخواست دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یو سی چیئرمین دیوراج ٹھکر اور دیگر متعلقہ افراد نے ان کے گاؤں کے لیے منظور شدہ سولر پلانٹ کا بجٹ ہڑپ کر لیا ہے، جس کے باعث علاقے کے مکین آج تک اس بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔

درخواست کے مطابق سونجی کولہی کی ڈاھنی کے قریب ساتار سولر پلانٹ کے لیے منظور کیے گئے فنڈز سے مقامی آبادی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا، جبکہ ایک سال سے زائد عرصے تک انہیں مختلف حیلوں بہانوں اور وعدوں پر ٹالا جاتا رہا۔ متاثرہ فریق کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے بار بار اس مسئلے کو اٹھایا تو اب انہیں بتایا جا رہا ہے کہ ان کا علاقہ متعلقہ یونین کونسل میں شامل ہی نہیں ہے۔

ٹیکم کولہی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ یو سی مالہنور وینہ میں کولہی برادری کے ایک ہزار سے زائد ووٹر موجود ہیں، جبکہ وارڈ نمبر ایک میں بھی اس برادری کے ووٹوں کی بڑی تعداد ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ماضی میں انتخابات کے دوران بھی ان کے حقوق کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔

متاثرہ خاندان اور علاقہ مکینوں نے صوبائی محتسبِ اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور غریب عوام کو ان کے جائز حقوق فراہم کیے جائیں۔نوٹ: خبر میں لگائے گئے الزامات درخواست گزار کے مؤقف پر مبنی ہیں، جن کی متعلقہ حکام یا نامزد افراد کی جانب سے تاحال تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

مزید خبریں

Back to top button