اسرائیل ایران کے خلاف اکیلا بھی کارروائی کر سکتا ہے، اتمار بن گویر

یروشلم(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے اشارہ دیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو اسرائیل ایران کے خلاف اکیلے بھی کارروائی کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔
اسرائیلی چینل 7 کو دیے گئے انٹرویو میں اتمار بن گویر نے کہا کہ اگر امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ ایران رضاکارانہ طور پر اپنا جوہری پروگرام ترک کر دے گا تو یہ ایک بڑی غلط فہمی ہوگی۔
انہوں نے امریکی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ایران کے عزائم کے حوالے سے حد سے زیادہ خوش فہم ہے اور یہ توقع رکھتا ہے کہ تہران نہ صرف اپنا جوہری پروگرام ختم کر دے گا بلکہ اسرائیل کے خلاف اپنے مبینہ منصوبوں سے بھی دستبردار ہو جائے گا۔
اتمار بن گویر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی اولین ذمہ داری اپنی قومی سلامتی کا تحفظ ہے، اس لیے ایرانی خطرے کا مقابلہ ہر صورت کیا جائے گا، خواہ اس کے لیے اسرائیل کو تنہا ہی کیوں نہ اقدام کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی صورتحال اسرائیل کو اس بات پر مجبور نہیں کر سکتی کہ وہ کسی دوست ملک کی ہدایات کے مطابق فیصلے کرے، چاہے وہ اتحادی کتنا ہی اہم کیوں نہ ہو۔



