محرم الحرام: سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، بریگیڈیئر جمیل حیدر

گھوٹکی(وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے)پاک آرمی 16 ڈویژن پنو عاقل کینٹ کے بریگیڈیئر جمیل حیدر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے کسی کو بھی مذہبی نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر اور فریقین ضابطۂ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک دشمن عناصر ایسے مواقع پر فساد اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر سکتے ہیں اس لیے سب کو چوکس رہنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق بریگیڈیئر جمیل حیدر نے ڈپٹی کمشنر آفس میرپور ماتھیلو پہنچ کر محرم الحرام کے سلسلے میں قائم کنٹرول روم اور کیے گئے انتطامات کا جائزہ لیا اور ضلع کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی اور ایس ایس پی انور کھیتران سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر جمیل حیدر نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت انگیز مواد پھیلا کر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے ایسے عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے کیونکہ ان کے اشتعال انگیز مواد سے امن و امان متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی کو ہدایت کی کہ نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے اور کسی کو بھی فساد پھیلانے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گھوٹکی کی سرحد پنجاب سمیت کچے کے علاقوں کشمور سے بھی ملتی ہے، اس لیے یہاں سخت حفاظتی انتظامات کی ضرورت ہے، کیونکہ ملک دشمن قوتیں ایسے مواقع پر حالات خراب کرنے کی کوشش کر سکتی ہیں۔ انہوں نے تمام سیکیورٹی اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض بھرپور انداز میں انجام دیں۔ برگیڈییر جمیل حیدر نے رینجرز حکام کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کو سخت سیکیورٹی فراہم کی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات اور مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج امن و امان کے قیام کے لیے تمام اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر گھوٹکی اور ایس ایس پی کو ہدایت کی کہ ضلع کی تمام مذہبی جماعتوں اور مکاتب فکر کے رہنماؤں کو یہ پیغام پہنچایا جائے کہ وہ قانون اور ضابطۂ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کریں تاکہ شرپسند عناصر کو انتشار پھیلانے کا کوئی موقع نہ ملے اور اپنے اپنے کارکنوں کو بھی تنبیہ کریں کہ سوشل میڈیا پر بحث کے بجائے نفرت انگیز مواد کی نشاندہی کریں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل ذیشان حیدر بھی موجود تھے.

مزید خبریں

Back to top button