طالبان نے متعددامدادی کارکنوں کو داڑھی چھوٹی ہونے پرگرفتارکرلیا

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ ہفتے کے روز حراست میں لیے گئے افراد ایران افغانستان سرحد پر اسلام قلعہ بارڈر کراسنگ کے قریب کام کر رہے تھے اور وہ ان تنظیموں سے وابستہ تھے جو اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کرتی ہیں۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے ایک داخلی بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کی اخلاقی پولیس نے ’اقوام متحدہ کے شراکت دار اداروں کے مقامی مرد عملے کو داڑھی تراشنے یا داڑھی نہ رکھنے کی وجہ سے اسلام قلعہ ریسیپشن سینٹر پر گرفتار کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ امدادی کارکنوں کو اسی روز رہا کر دیا گیا جبکہ باقی افراد کو اگلے روز رہا کیا گیا۔خبررساں ایجنسی نے کہا کہ طالبان کی وزارتِ امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے اس واقعے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔



