ایرانی صدر نے ابتدائی معاہدے کوایران کے حق میں قراردیدیا

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ ہونے والے ابتدائی معاہدے کے بارے میں مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت کی تمام شقیں ایران کے حق میں ہیں اور جلد ہی اس معاہدے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ حالیہ مذاکرات اور معاہدے کے ذریعے ایران نے اہم سفارتی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے نتائج جلد عوام کے سامنے آئیں گے اور یہ واضح ہو جائے گا کہ ایران نے اپنے قومی مفادات کا بھرپور دفاع کیا ہے۔صدر پزشکیان نے بتایا کہ قطر میں موجود ایران کے 6 ارب ڈالر کے منجمد فنڈز معاہدے کے تحت واپس کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم ایران کا حق ہے اور اس کی واپسی ایرانی معیشت کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔



