سینئرصوبائی وزیرشرجیل میمن کاشکارپورمیں کرنٹ سے قیمتی جانوں کےضیاع پراظہارافسوس

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے شکارپورمیں کرنٹ لگنے کے افسوسناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر و حوصلہ دے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ذمہ دار عوامل کا تعین کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔



