نیا آئی فون 18 پرو کیسا ہوگا؟ ڈیزائن، کیمرے، فیچرز اور متوقع قیمت سے متعلق جانیے

نیویارک (ویب ڈیسک) دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون آئی فون 18 پرو کو متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے ممکنہ فیچرز اور اپ گریڈز نے صارفین میں بے چینی اور جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو کے ڈیزائن میں انقلابی تبدیلیوں کا امکان کم ہے، تاہم نئے اور منفرد رنگ متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔ لیکس کے مطابق فون کو ڈارک چیری، لائٹ بلیو، ڈارک گرے اور سلور رنگوں میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ڈارک چیری رنگ کو اس سیریز کا نمایاں رنگ قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فون میں نئی نسل کی اسکرین استعمال کی جائے گی جو کم بیٹری خرچ کرے گی اور زیادہ بہتر رنگ فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ ڈائنامک آئی لینڈ کو پہلے سے زیادہ چھوٹا کیا جا سکتا ہے جس سے صارفین کو زیادہ ڈسپلے ایریا دستیاب ہوگا۔
کارکردگی کے لحاظ سے آئی فون 18 پرو میں نیا A20 Pro پروسیسر متوقع ہے جو 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق یہ چپ گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ تیز اور 30 فیصد زیادہ توانائی بچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فون میں 12 جی بی ریم، بڑی بیٹری، تیز رفتار موڈیم اور سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی جیسی جدید سہولیات بھی شامل ہو سکتی ہیں۔
کیمرہ سسٹم میں بھی نمایاں بہتری کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی فون 18 پرو میں تین 48 میگا پکسل کیمرے دیے جا سکتے ہیں، جن میں مین، الٹرا وائیڈ اور ٹیلی فوٹو لینز شامل ہوں گے، جس سے کم روشنی میں بھی بہتر تصاویر حاصل کی جا سکیں گی۔
مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھی ایپل بڑے اپ ڈیٹس پر کام کر رہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ سری کو مزید ذہین بنانے کیلئے جدید اے آئی ٹیکنالوجیز شامل کی جائیں گی تاکہ صارفین کو بہتر اور تیز تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
قیمت کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے ماڈل کی قیمت گزشتہ سیریز کے مقابلے میں تقریباً 200 ڈالر تک زیادہ ہو سکتی ہے، جبکہ آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور ممکنہ فولڈیبل آئی فون کو ستمبر 2026 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
تاہم ایپل کی جانب سے ابھی تک ان تمام معلومات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔



