مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات کا آغاز، 337 بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے 337 بھارتی سکھ یاتریوں کا دوسرا جتھا پاکستان پہنچ گیا۔

یاتریوں کا واہگہ بارڈر پر پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں مختلف سرکاری و مذہبی شخصیات نے انہیں خوش آمدید کہا۔ استقبال کرنے والوں میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق، اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے نمائندے شامل تھے۔

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے کہا کہ پاکستان مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور سکھ یاتریوں کو محفوظ، پرامن اور دوستانہ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

سکھ رہنما سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ نوجوان نسل کی یاترا میں شرکت خوش آئند ہے اور پاکستان کی جانب سے بہترین انتظامات قابلِ تعریف ہیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے بتایا کہ یاتریوں کے لیے سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، لنگر، رہائش اور طبی سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی قافلے کے ہمراہ موجود ہیں۔

یاتریوں کے لیے واہگہ بارڈر پر لنگر کا خصوصی اہتمام کیا گیا اور دوران سفر طبی امداد و دیگر سہولیات فراہم کی گئیں۔

دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے نمائندوں نے پاکستان حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے انتظامات انتہائی شاندار ہیں۔

مرکزی تقریبات 29 جون کو گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوں گی، جہاں بڑی تعداد میں یاتری شریک ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button