حزب اللہ کااسرائیلی فوجی چیک پوسٹ پر حملہ، ایک سارجنٹ ہلاک، 13اہلکارزخمی

بیروت(جانوڈاٹ پی کے)امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان کے نبطیہ کے قریب کفر تبنیت گاؤں میں قائم اسرائیلی فوجی چیک پوسٹ کو راکٹوں کی بوچھاڑ اور ایک دھماکا خیز ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس حملے میں 21 سالہ سارجنٹ فرسٹ کلاس نیر بن آری ہلاک ہوگئے جو کمانڈو بریگیڈ کی مگلان یونٹ سے تعلق رکھتے تھے۔
اسی حملے میں 13 اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک کے ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جب کہ تین روز میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہوچکی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ اس حملے کے فوراً بعد جنوبی لبنان کے نبطیہ کے علاقے میں حزب اللہ کے عسکری ڈھانچے اور ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے گئے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں اب تک 50 کے قریب افراد جاں بحق ہوگئے جن میں عالمی شہرت یافتہ ماہر ماحولیات مونا خلیل بھی شامل ہیں جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسرائیلی فوجی ٹینک پر حملے میں بھی بٹالین کمانڈر اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جب کہ اس سے ایک روز قبل ایک اور ملٹری وہیکل بارودی سرنگ دھماکے میں تباہ ہوگئی تھی۔



