ماتلی میں بھی عزاداری کا سلسلہ عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے

ماتلی(رپورٹ:ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے)نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں دنیا بھر کی طرح ماتلی میں بھی عزاداری کا سلسلہ عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔4محرم الحرام کے موقع پر امام بارگاہ معصومیہ سے عزاداری کا جلوس برآمد ہوا جو شہر کی مختلف شاہراہوں اور گزرگاہوں سے ہوتا ہوا درگاہ معصوم شاہ پہنچا، جہاں عزاداروں نے سینہ زنی اور ماتم کرکے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ محرم الحرام کے سلسلے میں شہر کے مختلف مقامات پر پانی کی سبیلیں قائم کی گئیں جبکہ مختلف امام بارگاہوں میں عشرۂ محرم کی مجالس بھی منعقد کی جا رہی ہیں جن میں علمائے کرام اور ذاکرین واقعۂ کربلا کے فلسفے، حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں اور حق و صداقت کے لیے دی جانے والی لازوال جدوجہد پر روشنی ڈال رہے ہیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی بدین کی ہدایات پر ایس ایچ او ماتلی کی نگرانی میں پولیس کی بھاری نفری جلوس کے ہمراہ موجود رہی جبکہ جلوس کے روٹس، امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے نگرانی کا مؤثر نظام قائم رکھا گیا۔ دوسری جانب محکمہ صحت ماتلی بھی محرم الحرام کے دوران ہائی الرٹ رہا اور عزاداروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے ایمبولینس، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو جلوس کے ہمراہ تعینات کیا گیا، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے طبی عملہ مکمل طور پر مستعد رہا۔ شہریوں نے محرم الحرام کے موقع پر کیے گئے سیکیورٹی اور طبی انتظامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسی طرح باہمی رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رہے گی۔#



