لاہور: شہری کے نام پر 1743 گاڑیاں اور 28 لاکھ سے زائد کے ای چالان کا انکشاف، تحقیقات شروع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) لاہورمیں ایک شہری کے نام پر 28 لاکھ روپے سے زائد کے ای چالان اور 1743 گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ٹریفک پولیس کےمطابق مسلم ٹاؤن میں جنرل ہولڈ اپ کےدوران موٹرسائیکل کی جانچ میں حیران کن انکشاف سامنے آیا، جانچ پڑتال کےوقت معلوم ہوا کہ اس کےمالک محمد جمشید کے نام پر مجموعی طور پر 1743 موٹرسائیکلیں، رکشے اور گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔
ٹریفک پولیس کےمطابق مزید تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہواکہ محمد جمشید کےنام پر 2295 واجب الادا ای چالان موجود ہیں، جن کی مجموعی مالیت 28 لاکھ 25 ہزار 700 روپے بنتی ہے۔
سی ٹی او لاہور عبد الرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ایک ہی شخص کے نام پر اتنی بڑی تعداد میں گاڑیوں کی رجسٹریشن غیر معمولی معاملہ ہے، جس کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ٹریفک پولیس کےمطابق محمد جمشید قسطوں پر موٹرسائیکلیں، رکشے اور گاڑیاں فروخت کرنے کا کاروبار کرتا ہے، معاملے کی مزید چھان بین کے لیےسیف سٹیز اتھارٹی اورایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے۔



