مذاکرات کیلئے ہم نے کوئی جلدی بازی نہیں کی بلکہ ایران کو جلدی تھی،امریکی صدر

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنگ نے ایران کو شدید کمزور کر دیا ہے،اب اس کے پاس نہ فضائیہ ہے، نہ بحریہ، نہ دفاعی نظام اور نہ ہی ایران کے پاس کوئی اور قابلِ ذکر چیز باقی بچی ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ احمق ڈیموکریٹس کہتے ہیں کہ ایران پہلے سے بہتر حالت میں ہے، کیا کوئی ایسی بات کر کے بچ سکتا ہے؟آخر لوگ کتنے نادان ہو سکتے ہیں، مذاکرات کیلئے ہم نے کوئی جلد بازی نہیں کی ایران کو جلدی تھی، ہم 60 دن پورے کریں گے، ان کو کوئی رقم نہیں ملے گی۔ایرانی وزیر خارجہ نے اسرائیلی وزیر کے پورے لبنان کو جلا دینے کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ اشتعال انگیز بیان کسی عام انتہا پسند کا نہیں، اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر کاہے، تل ابیب میں قائم نسل کش نظریات والا نظام پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہے،یہ تمام انسانوں کے لیے خطرات پیدا کرتا ہے، اس کی واحد دلچسپی مستقل جنگ کو جاری رکھنے میں ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کےنتائج پورے خطے کو بھگتنے ہونگے، ایران اپنے مفادات اور اتحادیوں کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام کرے گا۔



