عالمی کھیل یالوسیفرین ایجنڈا؟ اوپننگ تقریبات کی آڑ میں شیطانی رسومات!

تحریر:نہال معظم

​کہتے ہیں کہ "تندرستی ہزار نعمت ہے” اور یہ بھی حقیقت ہے کہ کھیل اس نعمت کا رکھوالا ہے”۔ لیکن صدیوں پرانی حقیقت آج کے دور میں بالکل بدل چکی ہے، کیونکہ اب عالمی کھیلوں کے میگا ایونٹس نہ انسانی ذہن کو کوئی صحت مند تفریح دے رہے ہیں اور نہ ہی معاشرے کو مثبت توانائی۔ یہاں ہم بات کر رہے ہیں فیفا اور اولمپکس کی ،پوری دنیا کو ایک اسٹیج پر لا کھڑا کرنے والے فیفا ورلڈ کپ اور اولمپکس اب محض کھیل نہیں رہے، بلکہ یہ عالمی اسٹیبلشمنٹ اور مخصوص اشرافیہ کے تاریک نظریاتی ایجنڈوں کو دنیا کے اربوں انسانوں کے ذہنوں میں اتارنے کا سب سے بڑا نفسیاتی ہتھیار بن چکے ہیں۔ عام ناظرین ان تقریبات کو محض رنگ و نور کی برسات اور فن کا مظاہرہ سمجھ کر تالیاں بجاتے ہیں، لیکن اگر ان تقریبات کی تاریخ، مخصوص تاریخوں، اور ان میں پیش کیے گئے واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ ان کے پیچھے شیطانی علامات، الیومیناٹی کے اشاروں اور دجالی بیانیے کا ایک پورا جال بچھا ہوتا ہے جس کا مقصد روایتی اخلاقی اور مذہبی اقدار کو نشانہ بنانا ہے۔

​حال ہی میں امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے تازہ ترین تنازع نے سازشی خبروں کا ایک نیا طوفان کھڑا کر دیا ہے۔ میکسیکو کے تاریخی ایزٹیک اسٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب کے دوران گراؤنڈ پر روشنیوں کی مدد سے جو قدیم مایا اور ازٹیک اساطیر کے روایتی خاکے اور سانپ نما دیوتاؤں کی شبیہات بنائی گئیں، انہیں قدامت پسند حلقوں نے فوری طور پر نیو ورلڈ آرڈر کی پوشیدہ علامتوں سے تعبیر کیا۔ کینیڈا میں شکیرا کی پرفارمنس کو لے کر یہ افواہ پھیلی کہ اسٹیج پر ان کی ہم شکل کو اتارا گیا تھا تاکہ مخصوص چشموں اور لباس کی آڑ میں کچھ تاریک لاشعوری پیغامات کو گلوبلائز کیا جا سکے۔ ان خبروں نے سوشل میڈیا پر اچھلتے ہی ایک سنسنی خیز رخ اختیار کر لیا اور ناقدین نے الزام لگایا کہ فیفا انتظامیہ اپنے مالیاتی مفادات کے تحفظ کے لیے ان علامات کو جان بوجھ کر کلچر کا حصہ بنا رہی ہے۔

​اسی طرح کا ایک اور پراسرار واقعہ فروری 2026 میں اٹلی کے میلان کورٹینا ونٹر اولمپکس کی تقریب کے دوران بھی پیش آیا جہاں اسٹیج پر روشنیوں اور لیزر کی مدد سے ایک بہت بڑا پانچ کونوں والا ستارہ بنایا گیا، جو کہ شیطانی رسومات کا بنیادی ترین نشان مانا جاتا ہے۔ اس ڈیزائن کے ارد گرد کالے لباس میں ملبوس فنکاروں نے دائروں میں رقص کیا، جس نے دیکھنے والوں پر سحر اور خوف کی کیفیت طاری کر دی۔ سوشل میڈیا پر اس کے خلاف ایک بہت بڑی مہم چلی اور لوگوں نے اسے فیملی ایونٹ کے بجائے "شیطان کی عبادت گاہ” سے تشبیہ دی۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ آرٹ کے نام پر ان علامات کو بار بار دکھا کر انسانی لاشعور کو ان کا مادی اور عادی بنایا جا رہا ہے۔

​اگر ہم وقت کے دھارے میں پیچھے کی طرف قدم بڑھائیں تو اس سلسلے کا ایک اور بھیانک واقعہ 26 جولائی 2024 کو پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران پوری دنیا نے لائیو دیکھا۔ اس تقریب میں دریا کے کنارے ایک طویل میز پر ڈریگ کوئینز اور مختلف عجیب الخلقت فنکاروں کو ایک مخصوص انداز میں بٹھایا گیا، جو کہ عیسائیت کے مقدس ترین عقیدے اور لیونارڈو ڈاونچی کی مشہور پینٹنگ "دی لاسٹ سپر” کی ہو بہو اور انتہائی توہین آمیز نقل تھا۔ اس منظر کے عین درمیان میں ایک نیلے رنگ کے نیم برہنہ شخص کو ایک بڑی ڈش میں پیش کیا گیا، جسے دجالی علامات کا حصہ مانا گیا۔ اس کھلے تماشے کا مقصد آرٹ کی آڑ میں مذہبی مقدسات کا مذاق اڑانا اور دنیا کو ایک نئی اخلاقی پستی کی طرف دھکیلنا تھا۔ اس تقریب پر دنیا بھر سے شدید اور فوری ردعمل سامنے آیا۔ کیتھولک چرچ اور فرانسیسی بشپس نے اس کی شدید مذمت کی، جبکہ مسلم دنیا کے ممتاز مذہبی ادارے جامعہ الازہر نے اسے انسانیت کی توہین قرار دیا۔ امریکی ٹیلی کام کمپنی ‘C Spire’ نے احتجاجاً اولمپکس سے اپنی کروڑوں ڈالرز کی اشتہاری ڈیل منسوخ کر دی اور عالمی دباؤ کے باعث انتظامیہ کو یوٹیوب سے اس افتتاحی تقریب کی آفیشل ویڈیو تک ہٹانی پڑی۔

​وقت کے دھارے میں مزید پیچھے جائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ پہلی بار نہیں تھا؛ اس سے قبل 12 جون 2014 کو برازیل میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں بھی اسی قسم کا کھیل کھیلا گیا تھا۔ تقریب کے آغاز میں اسٹیج کے بالکل درمیان میں ایک بہت بڑا "زندہ درخت” دکھایا گیا جس کے گرد عجیب الخلقت مخلوقات اور رینگنے والے جاندار ناچ رہے تھے، اور پھر اس درخت کے اندر سے روشنی کا ایک بڑا گولا برآمد ہوا جو پٹ گیا۔ سازشی اور نظریاتی ماہرین کے مطابق یہ منظر نامہ براہِ راست کائنات کی تخلیق کے بائبل اور قرآنی تصورات کو رد کر کے نیو ورلڈ آرڈر کے "لوسیفرین” نظریے یعنی انسان کو خود خدا کا درجہ دینے کی علامت تھا۔ اس تقریب کے بعد دنیا بھر کے قدامت پسند حلقوں اور مذہبی اسکالرز نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فیفا فٹ بال کی آڑ میں نئی نسل کو فطرت پرستی اور جادوگری کی طرف راغب کر رہا ہے، جس پر فٹ بال فیڈریشن نے مکمل خاموشی اختیار کر لی۔ عالمی کھیلوں کے یہ افتتاحی پروگرام اب صرف کھیل نہیں رہے، بلکہ یہ انسانیت کو اپنے اسلاف کی اقدار سے دور کر کے ایک تاریک مسلک کی طرف دھکیلنے کا ذریعہ بن چکے ہیں۔ ہمیں ان چمکتی دمکتی اسکرینوں کے پیچھے چھپے اس خوفناک سچ کو پہچاننا ہوگا، کیونکہ یہ محض اسٹیج کا کھیل نہیں بلکہ ہماری اگلی نسلوں کے ذہنوں پر قبضہ کرنے کی ایک باقاعدہ اور منظم عالمی جنگ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button