بلیک کافی تو سب نے پی، لبنانی وائٹ کافی کبھی آزمائی؟

بلیک ٹی یا بلیک کافی کے بارے میں تو آپ جانتے ہیں لیکن کیا کبھی آپ نے سفید کافی کے بارے میں سنا ہے۔نہیں تو چلیں آج آپ کو وائٹ کافی سے متعارف کرا دیتے ہیں ۔یہ مشرقِ وسطیٰ، خصوصاً لبنان میں مقبول ایک ہلکا اور خوشبودار گرم مشروب ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں عام کافی کی طرح کافی بینز شامل نہیں ہوتے، بلکہ اسے عموماً نارنج کے پھولوں کے پانی (Orange Blossom Water)، گرم پانی اور شہد یا چینی سے بنایا جاتا ہے۔ کھانے کے بعد ہلکے مشروب کے طور پر بھی اسے پسند کیا جاتا ہے۔ چلئیے اس کی ترکیب جانتے ہیں۔

سفید کافی

اجزاء:

گرم پانی — 1 کپ

نارنج کے پھولوں کا پانی — 1 سے 2 چائے کے چمچ

شہد یا چینی — 1 چائے کا چمچ

لیموں کا ایک باریک قتلا — اختیاری

پائن نٹس یا بادام — سجاوٹ کے لیے اختیاری

ترکیب:

ایک کپ گرم پانی میں نارنج کے پھولوں کا پانی شامل کریں۔ شہد یا چینی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ چاہیں تو لیموں کا ایک باریک قتلا شامل کریں۔

اوپر سے چند پائن نٹس یا باریک کٹے بادام ڈال کر گرم گرم پیش کریں۔

اس مشروب میں کیفین نہیں ہوتی، اس لیے عام کافی کے مقابلے میں یہ ہلکا انتخاب ہے۔

مزید خبریں

Back to top button