بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، ملک بھر میں نئے اور آسان بجلی بل متعارف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاور ڈویژن نے صارفین کو ریلیف اور سہولت فراہم کرنے کیلئے ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا نیا اور آسان فارمیٹ متعارف کرا دیا ہے۔
وزارتِ توانائی کی ہدایت پر تمام ڈسکوز نے بجلی کے بلوں کا نیا ڈیزائن جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد بل کو زیادہ واضح، قابلِ فہم اور صارف دوست بنانا ہے۔
نئے فارمیٹ میں بجلی کے استعمال، یونٹس کی کھپت، بل کی مکمل تفصیلات اور ادائیگی سے متعلق معلومات کو منظم اور نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے تاکہ صارفین آسانی سے اپنے بل کو سمجھ سکیں۔
حکام کے مطابق نیا بل فارمیٹ سادگی، شفافیت اور بہتر صارف تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے بعد پرانے بل کے ڈیزائن کا ازسرنو جائزہ لیا گیا اور اسے مکمل طور پر تبدیل کیا گیا۔
پرانے فارمیٹ میں غیر ضروری معلومات، تکنیکی اصطلاحات اور پیچیدہ ترتیب کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا تھا، جبکہ نئے بل میں قابلِ ادائیگی رقم، مقررہ تاریخ اور بجلی کے استعمال کی تفصیلات نمایاں طور پر درج کی گئی ہیں۔
پاور ڈویژن کے مطابق اب صارف ایک نظر میں اپنی بلنگ کی مکمل صورتحال جان سکے گا، جبکہ بصری پیچیدگی کو بھی کم کر دیا گیا ہے۔
جدید سہولت کے تحت نئے بجلی بلوں میں کیو آر کوڈ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اضافی معلومات اور مختلف ڈیجیٹل سروسز تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے بلوں کی تیاری صارفین اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کی روشنی میں کی گئی ہے، جبکہ پاور سیکٹر میں شفافیت، بہتر خدمات اور اصلاحات کا عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔



