پاکستان ریلوے کی 15 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ، 5 کے ٹھیکے دیے جا سکے

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ریلوے کی جانب سے 15 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے کی گئی اوپن نیلامی میں صرف 5 ٹرینوں کے ٹھیکے دیے جا سکے، جبکہ 10 ٹرینوں کے لیے کوئی بولی موصول نہ ہونے پر ان کی آؤٹ سورسنگ مؤخر کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آؤٹ سورس کی گئی 5 ٹرینوں سے پاکستان ریلوے کو مجموعی طور پر 10 ارب 78 کروڑ 23 لاکھ روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔ ان ٹرینوں میں عوام ایکسپریس، ملت ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس اور نارووال پسنجر شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عوام ایکسپریس 3 ارب 56 کروڑ روپے، قراقرم ایکسپریس 3 ارب 90 کروڑ 15 لاکھ روپے، ملت ایکسپریس 2 ارب 77 کروڑ 28 لاکھ روپے، میانوالی ایکسپریس 40 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ نارووال پسنجر 14 کروڑ 70 لاکھ روپے میں آؤٹ سورس کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے نے 15 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے 25 ارب روپے سے زائد کا بنچ مارک مقرر کیا تھا، تاہم 10 ٹرینوں کے لیے مقررہ حد زیادہ ہونے کے باعث کمپنیوں نے بڈز جمع کرانے سے گریز کیا۔
جن ٹرینوں کے لیے کوئی بولی موصول نہ ہو سکی ان میں ہزارہ ایکسپریس، فرید ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، راوی ایکسپریس، بہاؤالدین زکریا ایکسپریس، لا ثانی ایکسپریس، تھل ایکسپریس، سکھر ایکسپریس، سیالکوٹ ایکسپریس اور فیض احمد فیض ایکسپریس شامل ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق آئندہ مرحلے میں بنچ مارک اور شرائط کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا تاکہ مزید ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ ممکن بنائی جا سکے۔ ادارے کا مؤقف ہے کہ اس اقدام کا مقصد آمدن میں اضافہ اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانا ہے۔
ترجمان پاکستان ریلوے نے کہا کہ پانچ ٹرینوں کی نیلامی بہترین ریٹس پر ہوئی ہے اور حتمی منظوری انتظامیہ دے گی۔



