آئندہ مالی سال ایک لاکھ ریٹیلرز کو پوائنٹ آف سیلز میں رجسٹر کرنے کا ہدف مقرر

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران ایک لاکھ ریٹیلرز کو پوائنٹ آف سیلز (POS) سسٹم میں رجسٹر کرنے کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق اس وقت ملک بھر میں صرف 37 ہزار ریٹیلرز POS سسٹم کے تحت رجسٹرڈ ہیں، جس کے بعد رجسٹریشن کے طریقہ کار میں تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ نظام کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق سالانہ 20 کروڑ روپے تک سیلز کرنے والے ریٹیلرز کے لیے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سیلز ٹیکس تھرڈ شیڈول میں شامل اشیاء کی قیمتوں کا تعین اب تھرڈ پارٹی یا ادارہ شماریات کے ذریعے کیا جائے گا۔
بجٹ تجاویز کے مطابق تمام کاروباروں پر ویلیو ایڈیشن کی بنیاد پر آؤٹ پٹ کا 10 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ٹیکس وصولی کا نظام مزید مضبوط ہوگا اور کیش لیکویڈیٹی بہتر ہوگی۔
حکام کے مطابق بہتر مالی نظم و نسق سے صوبوں کو این ایف سی شیئرز کی بروقت ترسیل میں بھی مدد ملے گی۔
مزید فیصلوں کے تحت پورٹ ٹرمینل آپریٹرز کی جانب سے تاخیر پر جرمانہ 5 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح مشکوک یا نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو فوری طور پر پولیس سے لے کر ایف بی آر کی تحویل میں دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
کسٹمز کیسز میں خصوصی جج کو ملزمان کے بینک اکاؤنٹس اور اثاثے منجمد کرنے کا اختیار دینے کی تجویز بھی بجٹ اصلاحات کا حصہ ہے۔



