نواز شریف کا بڑا سیاسی ایکشن: آزاد کشمیر کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب، اہم فیصلوں کا امکان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کے لیے کل ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جسے پارٹی حلقے ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی اعلیٰ قیادت کی شرکت متوقع ہے، جبکہ پارٹی کے مرکزی اور وفاقی رہنماؤں کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کے سیاسی حالات، تنظیمی امور اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی، جبکہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں اہم فیصلے بھی کیے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس میں شریک ہونے والی نمایاں شخصیات میں شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، طارق فاروق اور مشتاق منہاس شامل ہوں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر میں جاری سیاسی کشیدگی، ایکشن کمیٹی کے احتجاج سے پیدا ہونے والی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور ہوگا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پارٹی قیادت آزاد کشمیر میں تنظیمی ڈھانچے، سیاسی روابط اور عوامی سطح پر مؤثر حکمت عملی پر بھی مشاورت کرے گی، تاکہ آئندہ سیاسی چیلنجز سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔

مجموعی طور پر اجلاس کو آزاد کشمیر میں ن لیگ کی سیاسی سمت کے تعین کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button