سیالکوٹ کے کاریگروں کی مہارت عالمی فٹبال میلے کا حصہ بن گئی،اسحاق ڈار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ میکسیکو، امریکا اور کینیڈا میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کو بھی اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ ورلڈ کپ 2026 کے تمام میچوں میں استعمال ہونے والی سرکاری فٹبال "ایڈیڈاس ٹرائونڈا” پاکستانی شہر سیالکوٹ میں تیار کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بال پاکستانی کاریگروں کی مہارت، نفاست اور اعلیٰ معیار کی دستکاری کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس نے ایک بار پھر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان اس عالمی ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں میں شامل نہیں، لیکن پاکستان کا ایک حصہ ہر پاس، ہر سیو اور ہر گول میں موجود ہوگا۔

انہوں نے پاکستانی ہنر مند اور نیم ہنر مند کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی محنت اور صلاحیت پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور شناخت دلا رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے باصلاحیت اور محنتی کارکنوں پر فخر ہے، جن کی مہارت عالمی کھیلوں کے بڑے ایونٹس میں بھی نمایاں نظر آتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button