بنوں : دیرینہ دشمنی پر فائرنگ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل

بنوں(جانوڈاٹ پی کے)ضلع بنوں کے علاقے ڈومیل میں دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مخالفین کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جب مسلح ملزمان نے پرانی دشمنی کی بنیاد پر مخالف فریق کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



