ایران معاہدے میں اسرائیل فریق نہیں بنے گا،اپنی قومی سلامتی کے فیصلے خود کرے گا، نیتن یاہو

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو  کا کہنا ہے کہ ایران سے متعلق کسی بھی ممکنہ معاہدے میں اسرائیل فریق نہیں بنے گا اور وہ اپنی قومی سلامتی کے فیصلے خود کرے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کوششوں کے تحت ایران کے ساتھ کسی ممکنہ مفاہمت یا معاہدے کے تناظر میں واشنگٹن اسرائیل سے لبنان میں فوجی کارروائیاں محدود یا بند کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کا مؤقف ہے کہ لبنان میں کشیدگی میں کمی خطے میں وسیع تر سفارتی پیش رفت اور ایران کے ساتھ مذاکراتی ماحول بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

تاہم رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں حملے روکنے کے مطالبے پر اسرائیل اور امریکا کے درمیان اختلافات موجود ہیں۔ اسرائیلی حکومت کا مؤقف ہے کہ وہ حزب اللّٰہ سمیت اپنے خلاف خطرات کے حوالے سے کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے اور اس معاملے میں سیکیورٹی تقاضوں کو ترجیح دے گی۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے واضح کیا کہ اسرائیل اپنی سلامتی سے متعلق فیصلوں میں خودمختار ہے اور ایران سے متعلق کسی بھی بین الاقوامی سمجھوتے کا لازمی حصہ بننا ضروری نہیں سمجھتا۔

تاحال امریکا اور اسرائیل کی جانب سے اس معاملے پر باضابطہ تفصیلات محدود ہیں، جبکہ ایران سے متعلق ممکنہ سفارتی پیش رفت اور لبنان کی صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button