لاڑکانہ: کھیتوں میں جانے پر ظالم زمیندار کا گائے پر تشدد، ٹانگ توڑ دی، مالک کا انصاف کا مطالبہ

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) قمبر شہدادکوٹ کے علاقے وارہ میں ایک بااثر زمیندار کی جانب سے گائے پر مبینہ تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں گائے کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ اس کا پاؤں بھی شدید زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ تحصیل وارہ کے نواحی گاؤں میں پیش آیا، جہاں گائے کے مالک نذیر مارفانی کا کہنا ہے کہ ایک بااثر زمیندار نے ان کی 12 گائیں پکڑ کر اپنے قبضے میں لے لیں۔ ان کا الزام ہے کہ زمیندار نے اپنی بیٹھک پر ایک گائے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے اس کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی اور وہ چلنے پھرنے سے معذور ہو گئی۔

نذیر مارفانی کے مطابق باقی 11 گائیں پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ زخمی گائے کو زمیندار نے اپنے پاس ہی رکھا ہوا ہے اور اس کا علاج بھی نہیں کروایا گیا۔

گائے کے مالک کا کہنا ہے کہ ان کے جانوروں پر زمیندار کے کھیتوں میں داخل ہونے کا الزام لگایا گیا، تاہم فصلوں کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ درست نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زخمی گائے فوری طور پر واپس کروائی جائے، اس کا مناسب علاج کرایا جائے اور مبینہ تشدد میں ملوث زمیندار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button