ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت صحت سے متعلق اہم اجلاس

ٹھٹھہ(جاوید لطیف میمن /جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت ضلع میں صحت عامہ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، پی پی ایچ آئی، مرف، ضلعی و تحصیل انتظامیہ، مختلف ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، 1122 ریسکیو سروس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں اینٹی ریبیز ویکسین (ARV) اور ریبیز امیونوگلوبیولین (RIG) کی دستیابی اور اسٹاک پوزیشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر رواں سال جنوری 2026 سے اب تک پیش آنے والے کتے کے کاٹنے کے واقعات پر بھی غور کیا گیا اور متاثرہ افراد کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے تمام صحت مراکز میں ہیٹ ویو اسٹیبلائزیشن سینٹرز کی فعالیت اور ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام طبی مراکز میں ادویات، ویکسین اور دیگر ضروری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ رورل ہیلتھ سینٹر جھرک میں ایمبولینس کی مستقل موجودگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو بروقت طبی امداد اور ریفرل سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے باہمی رابطے اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے جبکہ تمام ادارے اپنی کارکردگی اور دستیاب وسائل سے متعلق تازہ ترین ریکارڈ مرتب رکھیں تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔



